محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم ! میں نے گزشتہ خط میں اپنی بیٹی کا ذکر کیا تھا کہ وہ واش روم میں بہت دیر تک بیٹھی رہتی ہے کبھی تو پورا ایک گھنٹہ بعد نکلتی ہے۔ اس کیلئے آپ نے ہر نماز کے بعد سورۂ الم نشرح پڑھنے کیلئے دی تھی‘ وہ پڑھ رہی ہوں اب اس کی عادت سترفیصد ٹھیک ہوگئی ہے۔ اب زیادہ دیر باتھ روم میں نہیں گزارتی۔ اس کے علاوہ اَلْمَلِکُ اَلْقُدُّوْسُ اَلسَّلَامُ کی برکت سے اللہ پاک نے میرا سالہا سال پرانا لیکوریا ایسے ٹھیک ہوگیا جیسے کبھی تھا ہی نہیں۔ اس سے پہلے میرے شوہر کسی حکیم سے نسخہ لائے تھے وہ میں نے چار ماہ استعمال کیا مگر مسئلہ جوں کا توں رہا۔ مگراللہ کے نام کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے ایک دن میں ہی مسئلہ حل فرمادیا۔ اَلْمَلِکُ اَلْقُدُّوْسُ اَلسَّلَامُ ہر نماز کے بعد ایک تسبیح اپنے مرض کا تصور کرتے ہوئے یا سارا دن کھلا وضو بے وضو‘ پاک ناپاک ہر حالت میں پڑھ سکتے ہیں۔ اللہ پاک اولیاء کی قدردانی نصیب فرمائے‘ تسبیح خانہ سے جوڑے رکھےآمین۔ (حناعامر‘ کراچی)