محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! چند سال پہلے سردیوں میں مجھے ایک مسئلہ شروع ہوا تھا‘ میرے پاؤں سردی میں سوج جاتے تھے‘ خاص کر پاؤں کی انگلیاں سردیوں میں سرخ ہوجاتی تھیں‘ جلد بہت نازک ہوجاتی تھی‘ اگر پاؤں کی انگلیاں کسی بھی چیز سے ہلکی سی بھی چھو جاتیں تو انتہائی درد ہوتا تھا۔ رات کے وقت انگلیاں بہت زیادہ گرم ہوجاتیں اور ان میں شدید خارش ہوتی جو بعض اوقات میری برداشت سے باہر ہوتی۔ بہت ٹوٹکے آزمائے‘ سکن ڈاکٹر کو بھی چیک کروایا مگر فرق نہ پڑتا تھا۔ پھر کسی نےایک آسان حل بتایا اور اللہ تعالیٰ نے اپنا فضل کردیا۔ مجھے کسی نے کہا کہ بند شوز کے ساتھ خالص کاٹن (وولن) کی جراب پہنو۔ میں نے یہی طریقہ آزمایا تو چند ہی دنوں کے بعد میری اس مسئلہ سے جان چھوٹ گئی۔ اس کے ساتھ اس کا ایک اور ٹوٹکہ بھی ہے جس سے کافی فرق پڑتا ہے وہ یہ ہے کہ ایک عدد شلجم لے کر اس کو پانی میں ابال لیں اب اس پانی کو حسب برداشت گرم کرکے رات کو پاؤں اس میں چند منٹ ڈبو کر خشک کرکے وولن کی جراب پہن کر سوجائیں۔(فہیم اورکزئی‘ پشاور)