محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!میں عبقری رسالہ پچھلے چند سالوں سے مسلسل پڑھ رہی ہوں۔ اس رسالے سے میرے بہت سے مسائل حل ہوئے ہیں۔ میرا ایک بہت بڑا مسئلہ ایک چھوٹے سے عمل سے حل ہوا میں قارئین کو وہ عمل ہدیہ کررہی ہوں۔ واقعہ کچھ یوں ہے کہ ہم نے اپنے گھر کی تعمیر کروانا شروع کی‘ شروع میں تو مزدوروں نے صحیح کام کیا‘ایک ہفتہ کے بعد ٹھیکیدار نے اپنا رنگ دکھانا شروع کردیا اور ایک پلر بالکل غلط جگہ بنادیا اور لمبائی چوڑائی کے حساب سے بھی غلط اور چھوٹا کردیا کیونکہ تین منزلہ گھر بنایا تھا۔ ان سے ابو نے بات کی تو وہ جھگڑا کرنے لگا اور کام چھوڑ کر چلا گیا۔ اس دوران ہمارا ٹھیک ٹھاک نقصان ہوا۔ اس کے بعد ایک اور ٹھیکیدار آیا اس نے ہمارا کافی نقصان کیا اور وہ بھی چلاگیا۔ اب اور کوئی ٹھیکیدار نہیں ملتا تھا ہم سب سخت پریشان تھے۔ میں نے ایک جگہ پڑھا تھا کہ عصر کی سنتوں اور فرض کے درمیان جو دعا مانگی جائے قبول ہوتی ہے۔ میں نے اسی طرح دعا مانگی اگلے ہی دن ٹھیکیدار کا انتظام ہوگیا میں بڑی خوش ہوئی۔اس کے علاوہ بھی میں نے یہ عمل کافی دفعہ آزمایا لاجواب پایا۔ (ج،ر)