Search

قوت کردار بعض اوقات اخلاقی بے عملی کے کھنڈرات سے پیدا ہوتی ہے جب عمل بروئے کار آتا ہے تو پھر بے عملی دور ہوجاتی ہے قوت ارادی پیدا کرنے کیلئے سب سے پہلی چیز ان کمزوریوں کو دور کرنا ہے جو اس راہ میں حائل ہورہی ہیں جو خیال آگے بڑھنے سے روکے اسے فوراً دل سے نکال دینا چاہیے اپنے ارادے پر قائم رہنے کی کوشش ہی قوت ارادی ہے۔وہ لوگ جو یہ کہتے ہیں کہ ہم نے کوشش تو بہت کی مگر اپنے ارادے پر قائم نہ رہ سکے۔ وہ لاشعوری طور پر قوت ارادی حاصل کرنے کی طرف جارہے ہیں کیونکہ جب آپ کو احساس ہوگا کہ آپ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکے تو لازماً آپ اور کوشش کریں گے۔ آپ کی پوشیدہ قوتیں بروئے کار آئیں گی۔ ایک دن میں قوت ارادی پیدا نہیں ہوسکتی اور نہ ایک رات میں کردار بن جاتے ہیں۔اس کیلئے ایک مسلسل کوشش اور تگ و دو کی ضرورت ہوتی ہے جب آپ چاہیں کہ بڑی بات ہوجائے تو پہلے آپ چھوٹی بات کیلئے کوشش کریں۔قوت کردار بعض اوقات اخلاقی بے عملی کے کھنڈرات سے پیدا ہوتی ہے جب عمل بروئے کار آتا ہے تو پھر بے عملی دور ہوجاتی ہے اور انسانی ذہن کی خوابیدہ قوتیں نئی عمارت تیار کرنے لگتی ہیں اور یوں ساری ہی کمزوریاں اپنے آپ دور ہوجاتی ہیں۔ اس ذہنی ارتقاءکیلئے سب سے پہلا قدم اپنے آپ پر اختیار حاصل کرنا ہے۔ یہ اختیار آسان کام نہیں بلکہ اس کے خلاف خود اپنے اندر ایک بغاوت پیدا ہونے لگتی ہے۔ خود اپنا دل مخالفت پرآمادہ ہوجاتا ہے ہمارے اندر پیدا ہونے والی یہ کشمکش بے فائدہ نہیں بلکہ اس کے بطن سے وہ بچہ پیدا ہوتا ہے جو بڑھتے بڑھتے کردار بنتا ہے انسان کی سب سے بڑی فتح وہ ہے جو اسے اپنے آپ پر حاصل ہوتی ہے۔