محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!ہم عبقری رسالہ بہت شوق سے پڑھتے ہیں اورمیں تہہ دل سے ماہنامہ عبقری اور عبقری کے سرپرستوں کی مشکور ہوں کہ ان کی رہنمائی سے میں نے سالہا سال پرانے جوڑوں کے مرض سے نجات حاصل کی۔ میری ٹانگوں میں ہروقت درد رہتا تھا‘ جی چاہتا تھا کہ کوئی ہروقت میری ٹانگیں دباتا رہے‘ میں روزانہ زیتون کے تیل سے مالش کراتی تھی لیکن مالش ختم ہوتے ہی درد پھر شروع ہوجاتا تھا۔ بیٹھ جاتی تو اٹھ کر چلنا مشکل ہوتا‘ کچھ مہینے پہلے میں نے عبقری میں یہ نسخہ پڑھا کہ ایک پاؤ ادرک پیس کر سولہ چمچ گھی یا مکھن میں دو منٹ بھون کر اس میں بارہ چمچ پسی ہوئی دارچینی اور بارہ چمچ پسی ہوئی کالی مرچ ڈال کر دو منٹ بھونیں اور روزانہ ایک چمچ کھالیں‘ اس کے ساتھ دو سنتوں اور نفلوں میں آخری چھ سورتوں کو پڑھنا شروع کیا تو جوڑوں کا درد بھی ختم ہوگیا اور چلنے پھرنے میں کوئی دقت نہ رہی حالانکہ ڈاکٹرز حضرات نے مجھے بارہا نئے گھٹنے ڈلوانے کی ہدایت کردی تھی۔ (ناہید قریشی‘ لاہور کینٹ)