Search

حضرت ابوسعید رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو ارشاد فرماتے ہوئے سنا: یااللہ! مجھے مسکین (طبیعت) بنا کر زندہ رکھئے‘ مسکینی کی حالت میں دنیا سے اٹھائیے اور میرا حشر مسکینوں کی جماعت میں فرمائیے۔ (مستدرک حاکم)٭حضرت سعید بن ابی سعید رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے رسول اللہ ﷺ سے اپنی (تنگدستی اور) ضرورت کا اظہار کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ابوسعید! صبر کرو‘ تم میں سے جو مجھ سےمحبت کرتا ہے‘ فقر اس پر ایسی تیزی سے آتا ہے جیسی تیزی سے سیلاب کا پانی وادی کی اونچائی سے اور پہاڑوں کی بلندی سے نیچے کی طرف آتا ہے۔ (مستند احمد‘ مجمع الزوائد)٭حضرت رافع بن خدیج رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جب اللہ تعالیٰ کسی بندہ سے محبت فرماتے ہیں تو اس کو دنیا سے اس طرح بچاتے ہیں جس طرح تم میں سے کوئی شخص اپنے مریض کو پانی سے بچاتا ہے۔ (مجمع الزوائد)٭حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: فقراء سے محبت کرواور ان کے ساتھ بیٹھو۔ عربوں سے دل سے محبت کرو اور جو عیب تم میں موجود ہیں وہ تمہیں دوسروں پر طعن و تشنیع کرنے سے روک دیں۔ (مستدرک حاکم)