رسول اللہ ﷺ نے فرمایا’’ ایک آدمی صرف مکھی کی وجہ سے جنت میں چلا گیا اور دوسرا جہنم میں‘‘ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے عرض کیا: یارسول اللہ ﷺ! وہ کیسے؟ تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: دو آدمی ایک قبیلے کے پاس سے گزرے۔ اس قبیلے کا ایک بت تھا جس پر چڑھاوا چڑھائے بغیر کوئی آدمی وہاں سے نہیں گزر سکتا تھا چنانچہ ان میں سے ایک شخص سے کہا گیا کہ اس بت پر چڑھاوا چڑھاؤ اس نے کہا میرے پاس ایسی کوئی چیز نہیں‘ قبیلے کےلوگوں نے کہا تمہیں چڑھاوا ضرور چڑھانا ہوگا۔ خواہ مکھی ہی پکڑ کر چڑھاؤ۔ مسافر نے مکھی پکڑی اور بت کی نذر کردی۔ لوگوں نے اسے جانے دیا۔ چنانچہ وہ اس چڑھاوے کی وجہ سے جہنم میں چلا گیا۔ قبیلے کے لوگوں نے دوسرے آدمی سے کہا تم بھی کوئی چیز نذر کرو اس نے جواب دیا میں اللہ رب العزت کے نام کے سوا کسی دوسرے کے نام کا چڑھاوا نہیں چڑھاؤں گا لوگوں نے اسے قتل کردیا اور وہ شخص جنت میں چلا گیا۔ (ہمشیرہ احمد شاہ)