Search

محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! ہم تمام گھر والے ماہنامہ عبقری بڑے شوق سے پڑھتے ہیں اور اس کے علاوہ آپ کے درس ضرور سنتے ہیں۔ ہماری گلی میں ایک آنٹی رہتی ہیں جو کہ انتہائی غریب ہیں‘ ان کے شوہر فوت ہوچکے ہیں‘ گزشتہ ماہ ان کی بچی کی شادی تھی‘ تمام اخراجات کے لیے ایک صاحب حیثیت شخص نے حامی بھرلی۔ وہ خاتون مطمئن ہوگئیں۔ شادی سے چند دن پہلے اس صاحب حیثیت شخص نے اخراجات اٹھانے سے صاف انکار کردیا۔ جب یہ بات مجھ تک پہنچی تو میں فوراً برقع اوڑھ کر ان کے گھر گئی اور اس آنٹی کو دلاسہ دیا اور ساتھ ہی انہیں اور اس لڑکی کو جس کی شادی تھی صبح و شام 129 مرتبہ سورۂ کوثر اور سارا دن کھلا حٰمٓ لَایُنْصَرُوْنَ پڑھنے کو بتایا۔ انہوں نے صرف دس یا بارہ دن ہی پڑھا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے محلے میں ہی موجود ایک اور صاحب حیثیت کے دل میں بچی کے شادی کے اخراجات کے متعلق ڈالا‘ وہ خود چل کر ان کے گھر گئے اور جاکر کہا کہ آپ پریشان نہ ہوں؟ آپ کی بچی کی شادی کا تمام خرچہ میں اٹھاؤں گا۔ یوں بہت ہی احسن طریقے سے اس یتیم کی شادی انجام پائی۔ وہ آنٹی جب بھی میرے گھر آتی ہیں تو آکر مجھے خوب دعائیں دیتی ہیں اور میں ماہنامہ عبقری اور حضرت حکیم صاحب کو۔ (پوشیدہ)