حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے مروی ہے کہ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’قسم خدا کی جس کے قبضہ میں میری جان ہے۔ جنت میں اس وقت تک داخل نہیں ہوسکتے جب تک کہ تم اسلام نہ لے آؤ اور اسلام اس وقت تک نہیں آسکتا جب تک تم آپس میں محبت و الفت سے نہ رہو۔ سلام کو رائج کرو کہ آپس میں محبت ہو‘ اور خبردار قطع تعلقی‘ بغض سے بچنا۔ یہ تم کو مونڈ دے گا(تباہ کردے گا) میں یہ نہیں کہتا تمہارے بال کو مونڈ دے گا۔ (ادب مفرد صفحہ 260‘ شمائل کبریٰ جلد چہارم ص255)
مؤمن کو خوش کرنا: حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے مروی ہے کہ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’کسی مؤمن کو خوش کرنا افضل عمل ہے۔ (ترغیب جلد۲ صفحہ394) فائدہ: مطلب یہ ہے کہ کسی مؤمن کے دل کو کسی خدمت سے تعاون سے یا کم از کم خوش کن باتوں سے اپنے اخلاق سے برتاؤ سے خوش کرنا یہ افضل عمل ہے۔ کہ بندوں کی خوشی سے خالق و مالک کی خوشی ہوتی ہے۔ اس سے سمجھا جاسکتا ہے کہ مؤمن کو کسی بھی اعتبار اور طریقہ سے رنج پہنچانا کسی قدر بری بات ہوگی۔ (شمائل کبریٰ جلد چہارم‘ صفحہ 265)