Search

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: قرآن کریم میں ایک سورت تیس آیات کی ایسی ہے کہ وہ اپنے پڑھنے والے کی شفاعت کرتی رہتی ہے یہاں تک کہ اس کی مغفرت کردی جائے وہ سورہ تَبَارَکَ الَّذِی (سورة الملک) ہے۔ (ترمذی) ٭ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا: جس شخص نے ہر رات سورہ واقعہ پڑھی اس پر فقر نہیں آئے گا۔ ٭ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: کیا تم میں سے کوئی کوئی اس بات کی طاقت نہیں رکھتا کہ روزانہ ایک ہزار آیتیں قرآن شریف کی پڑھ لیا کرے؟ صحابہ رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: کس میں یہ طاقت ہے کہ روزانہ ایک ہزار آیتیں پڑھے‘ ارشاد فرمایا: کیا تم میں سے کوئی اتنانہیں کرسکتا کہ سورہ الھاکم التکاثر پڑھ لیا کرے (کہ اس کا ثواب ایک ہزار آیتوں کے برابر ہے) (مستدرک حاکم)٭ حضرت نوفل رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے ارشاد فرمایا: سورہ قل یایھا الکفرون(سورہ کافرون) پڑھنے کے بعد بغیر کسی سے بات کیے ہوئے سو جایا کرو کیونکہ اس سورت میں شرک سے براءت ہے۔ (ابو دائود)