محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم !ہماری تسبیح خانہ سے نسبت 2012ء میں ہوئی۔عبقری رسالہ اور تسبیح خانہ سے ہمیں بہت سے روحانی و جسمانی فوائد حاصل ہوئے اور ہم بہت سے گناہوں سے بچ گئے ہیں۔ ہمارے بہت سے مسائل حل ہوئے ہیں۔ گھر میں لڑائی جھگڑے ختم ہوگئے جس کا سبب عبقری رسالہ اور تسبیح خانہ بنا۔ ہم سب آپ کے لیے دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کی اور آپ کی نسلوں کی حفاظت کرے اور شاد و آباد رکھے ۔ ہم نے بہت سے وظائف کیے اور بہت فائدہ حاصل ہوا جن میں سے چند یہ ہیں:
تھیلی والاعمل:برکت والی تھیلی پر روزانہ 129 بار سورئہ کوثر پڑھ کر دم کرنے سے بہت برکت ہوئی ہے۔ گھر میں ہر چیز میں بہت برکت ہوگئی ہے۔ اس کے پڑھنے سے جسمانی رزق کے ساتھ ساتھ روحانی رزق بھی بہت حاصل ہوا ہے۔
رزق میں برکت:سورئہ المائدہ کی آیت نمبر 114 کو گیارہ بار صبح و شام پڑھنے سے رزق میں بہت برکت ہوئی ہے۔
والدہ کا ٹیومر ٹھیک:میری والدہ کو رحم میں رسولیاں تھے اور خون کی بھی بہت کمی ہوگئی تھی ۔ ڈاکٹرز نے آپریشن کا بتایا تھا میں نے ان کو بتایا کہ حم لاینصرون سارا دن کھلا پڑھیں اور ہم سب نے بھی پڑھ کر ہدیہ کرنا شروع کردیا اور انہوں نے ایک ماہ کی دوا بھی کھائی۔ اس وظیفے کی برکت سے خون کی کمی بھی دور ہوگئی اور رسولیاں بھی ختم ہوگئے اور آپریشن کی ضرورت ہی نہیں پڑی۔
جو چاہو پالو: یَارَبِّ مُوْسیٰ یَا رَبِّ کَلِیْم بِسْمِ اللہِ الرَّحْـمٰنِ الرَّحِیْمِ کے وظیفے کوہم نے بہت پرتاثیر پایا جب بھی کوئی چیز نہ مل رہی ہو اور گھر کے کسی فرد کو گھر آنے میں دیر ہو جائے تو یہ وظیفہ پڑھنے سے جو چیز نہ مل رہی ہو وہ بھی مل جاتی ہے اور گھر کا وہ فرد بھی بہت جلد آجاتا ہے۔
دم والاتیل اور پانی کی برکت:سورۃ الکافرون کا دم ہوا تیل کو ہر بیماری میں بہت پر شفاء پایا۔ پھوڑے پھنسیاں اور داغ ختم ہو جاتے ہیں۔(سمیرا اعظم،مریدکے)