Search

میری ایک دوست باہر سے لیموں اور کینو کا تیل لائیں۔ میرے سر میں بہت درد رہتا ہے۔ انہوں نے دو چار بوندیں میری پیشانی پر لگا کر مالش کیں اورآدھی چمچی تیل سر میں بھی لگایا۔ تیل کی مالش سے میرا دماغ تازہ ہوگیا ہے۔ یہ تیل کیسے بنتے ہیں؟ میں نے بہت سارے لوگوں سے پوچھا مگر کوئی جواب نہیں ملا۔ (سمیرا منان، لاہور)
مشورہ: تیل کی مالش جوڑوں کے درد، سردرد میں اکسیر ہے، تو سردی کے موسم میں حرارت بخش اور گرمیوں میں سکون بخش۔ مثال کے طور پر لونگ کا تیل ہی لے لیں۔ دنیا بھر میں اسے ڈاکٹر بھی استعمال کرتے ہیں۔آپ شیشے کی دو بوتلیں لیں، تیز گرم پانی سے صاف کریں اور الٹ کر رکھ دیجئے۔ جب سوکھ جائیں تو ہر بوتل کے اندازاً چار حصے کریں۔ تین حصے میں زیتون کا یا تلوں کا تیل بھریں۔ ایک بڑا لیموں لیں جو بالکل تازہ صاف ستھرا اور بے داغ ہو۔ اسے کاٹ کر رس نکالیے اور چھلکے بالکل باریک باریک کاٹیے، اب انہیں آپ تیل میں رس کے ساتھ ملائیے۔ دس منٹ تک خوب ہلائیے۔ پھر کسی اندھیری اور گرم جگہ میں رکھ دیجئے۔ دوسری بوتل میں بھی تیل بھریں۔ آدھے کینو کے چھلکے باریک کاٹ کر بوتل میں ڈالیے اور پھر ایک چمچ اس تیل میں ملاکر اسے بھی تاریک جگہ رکھ دیں۔ سولہ روز بعد یہ بوتلیں نکالیے۔ خوب ہلائیے اور چھان کر تیل دوبارہ بوتلوں میں بھرلیں۔ بوتلوں پر نشان لگادیں یا کینو اور لیموں لکھ دیں۔ تیسری بوتل میں آپ دونوں تیل ہم وزن ملا کر رکھ لیجئے۔ فرحت بخش تیل تیار ہے۔ آپ اسے ہلکے ہاتھوں سے اچھی طرح لگائیے۔ پانچ منٹ کی مالش سے آپ کو لگے گا کہ سردرد ختم ہوگیا اور دماغ بالکل تازہ ہوگیا ہے۔