اگر تم جوکر بننا چاہتے ہو تب بھی تمہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔ تعلیم کے بغیر تم کسی بھی میدان میں ترقی نہیں کرسکتے۔
بل کازبی ایک سیاہ فام امریکی ہے۔ وہ 1937ء میں ایک غریب خاندان میں پیدا ہوا۔ ابتداً وہ بمشکل ایک ہزار ڈالر سالانہ کماتا تھا۔ آج اس کی سالانہ آمدنی کئی ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ سفید فام امریکہ میں ایک سیاہ فام شخص کویہ غیرمعمولی کامیابی کیوں کر حاصل ہوئی۔ جواب یہ ہے کہ تعلیم اور دانش مندانہ جدوجہد کے ذریعہ بل کازبی فلاڈالفیا کے ایک سکول میں پانچویں گریڈ میں تھا۔ وہ سکول میں اکثر تماشے کیا کرتاتھا اور پڑھائی پر زیادہ توجہ نہیں دیتا تھا۔ اس کی خاتون ٹیچر نے ایک روز اس سے کہا کہ اگر تم جوکر بننا چاہتے ہو تب بھی تمہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔ تعلیم کے بغیر تم کسی بھی میدان میں ترقی نہیں کرسکتے۔
بل کازبی نے اس نصیحت کو پکڑلیا۔ اس نے پڑھنے میں محنت شروع کردی۔ یہاں تک کہ اس نے ایجوکیشن میں ڈاکٹریٹ کرلیا۔ اس کے بعد اس نے تفریحی پروگراموں میں حصہ لینا شروع کیا۔ آخر کار اس کو ٹیلی ویژن پروگرام ملنے لگے۔ آج وہ امریکہ کا مشہور ترین کامیڈین ہے۔ ’’بل کازبی شو‘‘ امریکی ٹیلی ویژن کا سب سے زیادہ مہنگا پروگرام ہوتا ہے۔ دوسرے بہت سے سیاہ فام امریکیوں کے برعکس اس نے نسلی امتیاز کی باتیں کرنے سے پرہیز کیا۔ اس نے اپنی کہانیاں عالمی واقعات کی بنیاد پر بنائیں جو تمام لوگوں کیلئے قابل فہم ہوسکیں:امریکی عام طور پر سیاہ فام لوگوں کو پسند نہیں کرتے۔ مگر وہ بل کازبی کے پروگرام کو نہایت شوق کے ساتھ دیکھتے ہیں۔ بل کازبی نے سفید فام لوگوں کی رعایت کی تو سفید فام لوگوں نے بھی بل کازبی کی رعایت کرنا شروع کردیا۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ دوسرے آپ میں دلچسپی لیں تو آپ بھی دوسروں میں دل چسپی لینا شروع کردیجئے اور اس کے بعد آپ کو کسی سے شکایت نہ ہوگی۔