Search

میتھی قدرت کی جانب سے بنی نوع انسان کیلئے عظیم تحفہ ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال جسم کو صحت مند رکھتا ہے۔میتھی کے پتے چٹ پٹی خوشبو کی وجہ سے رغبت سے کھائے جاتے ہیں۔ یہ تاثیر میں قبض کشاءہوتے ہیں۔ جن لوگوں کا ہاضمہ خراب رہتا ہے بھوک نہیں لگتی‘ غذا ہضم ہونے کے بجائے معدے اور انتڑیوں میں گلتی سڑتی رہتی ہے ان کیلئے میتھی کا استعمال ان علامتوں کو رفع کرنے کا موجب بنتا ہے۔ میتھی کے پتے ابالنے کے بعد ہلکا سا بھون کر کھائیں تو صفراءکی زیادتی ختم ہوکر طبیعت ہشاش بشاش ہوجاتی ہے۔ آنکھوں کی پیلی رنگت‘ کڑوا ذائقہ اور دل خراب ہونے کی کیفیت ختم ہوجاتی ہے‘ پاخانہ کھل کر آتا ہے یوں مریض کو خود کو تروتازہ اور ہلکا پھلکا محسوس کرتا ہے۔ جن لوگوں کو منہ کے اندر رخساروں‘ زبان کے نیچے یا ہونٹوں کی اندرونی سطح پر چھالے بن جاتے ہیں انہیں میتھی پکا کر کھانی چاہیے۔ سرکے بالوں کیلئے میتھی میں بہت سی خوبیاں پنہاں ہیں۔ خواتین کیلئے یہ خاص نسخہ ہے کہ میتھی کو اچھی طرح دھو کر تھوڑے پانی میں کچھ دیر تک بھگوئے رکھیں تاکہ نرم ہوجائیں۔ پھر ان کو صاف سل پر یا مکسر میں ڈال کر بالکل میدہ بنالیں۔ غسل کرنے سے پہلے اس تازہ میدے کو سر میں بالوں کی جڑوں اور بالوں کے اوپر لگائیں ایک گھنٹہ کے بعد سر کو اچھی طرح دھولیں۔ بالوں کوکھلے پانی سے خوب کھنگالیں تاکہ سارا مواد نکل جائے۔ میتھی میں ایک نیچرل کنڈیشنر پایا جاتا ہے جو بالوں کو نرم ملائم اور خوبصورت کرتا ہے۔اسی طرح اسی میتھی کے میدے کو رات کو سونے سے پہلے پورے چہرے پر لگائیں اور تھوڑی دیر بعد نیم گرم پانی سے چہرے کو دھولیں صبح اٹھنے پر آپ کی جلد تروتازہ نظر آئےگی۔ (اقتباس : عبقری فائل 1)