محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ کو سلامت رکھے اور آپ پر اپنی رحمت نازل فرمائے۔ کسی ادارے میں میرا یہ پہلا خط ہے میرا موضوع ہے جانوروں پر ہونے والے ظلم کو روکنا اور ان کی فلاح کی طرف توجہ دلانا ہے ۔ آتی ہوں اپنی اصل پریشانی کی طرف۔ گدھا بہت درد بھرا لفظ ہے میں نے جو دیکھا ہے محسوس کیا ہے اس پر میرا دل خون کے آنسو روتا ہے اور بے قرا ررہتا ہے۔ سردیوں کے موسم میں ہم نے گدھوں کو کھلے آسمان کے نیچے بارش اور دھند میں بندھے دیکھا ہے۔ یہ بہت اذیت ناک مرحلہ ہے۔ گرمیوں میں بھون دینے والی دھوپ میں گدھوں کو دھوپ میں سارا دن کھڑے دیکھا ہے‘ پھل فروش اپنے پھلوں پر چھائوں کا انتظام کرتے ہیں‘ سردیوں میں اپنی دکان کو سمیٹ کر جاتے ہیں لوگ اپنی گاڑیوں پر کپڑا دیتے ہیں کہ اوس نہ پڑے مگر بے زبانوں پر ترس نہیں آتا کہ ان کو دھوپ سے بچانے اور سردی سے محفوظ رکھنے کا سوچیں مگر افسوس۔میری درد مند قارئین سے اپیل ہے کہ وہ اس ظلم کو روکیں‘ جانوروں کے مالکان کوجانوروں کے حقوق پر مبنی احادیث مبارکہ سنائیں۔ جانوروں کی دعاؤں و بدعاؤں کے وہ واقعات جو حضرت حکیم صاحب اپنے دروس میں بیان فرماتے ہیں وہ سنائیں۔ ان شاء اللہ ذرا سی کاوش سے بہت سے بے زبان ظلم سے بچ جائیں گے اور آپ کو ان کی مخلص دعائیں ملیں گی۔ (طاہرہ، لاہور)