محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں عبقری رسالہ بہت انہماک سے پڑھتی ہوں۔ مجھے ہر ماہ اس شمارے کا انتظار رہتا ہے۔آپ کے درس ہر جمعرات کو انٹرنیٹ پر بہت غور اور شوق سے سنتی ہوں اور اس میں بتائے گئے اعمال توجہ اور دھیان سے کرتی ہوں۔ الحمدللہ! گزشتہ رمضان میں بذریعہ انٹرنیٹ آپ سے بیعت بھی ہوچکی ہوں۔ آپ ہمارے شہر تشریف لائے تھے‘ بہت دل تھا کہ اپنے ہاتھ سے کچھ بنا کر آپ کیلئے لاؤں پھر سوچا یہ کیسے ممکن ہوگا؟ میں بہت دور ہوں‘ بہت خواہش ہے کہ ایک بار ملاقات کیلئے وقت مل جائے‘ انشاء اللہ اللہ وہ دن بھی ضرور لائے گا۔گزشتہ رمضان المبارک میں آپ نے بروز جمعۃ المبارک جمعہ کے خطبہ کے دوران ایک عمل بتایا تھا کہ جمعہ کے دن نماز عصر کے بعد سے لے کر نماز مغرب کی اذان تک مسلسل آیۃ الکرسی پڑھی جائے اور جب مؤذن مغرب کی اذان دینے لگے تو سجدے میں جاکر اللہ کریم سے جو مانگا جائے وہ مل جاتا ہے۔ پہلا جمعہ نہیں تو دو سے تین جمعہ میں کام ہوجاتا ہے۔ میں ایک ڈاکٹر ہوں اور اپنی نوکری کیلئے پریشان تھی مگر اس عمل کی برکت سے مجھے بہت شاندار نوکری انتہائی آسانی سے مل گئی۔ اس کے علاوہ میں الحمدللہ درود نور بہت زیادہ پڑھتی ہوں۔ اللہ قبول فرمائے۔ (مریم شہزادی‘ مانسہرہ)