محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! رمضان المبارک کی مبارک ساعتیں آرہی ہیں۔ چونکہ یہ موسم میں شدید گرمی میں آرہا ہے اس لیے سارا دن بھوک پیاس کی وجہ سے جہاں انسان نڈھال ہوجاتا ہے وہیں ہاتھ اور پاؤں میں شدید جلن کی شکایات بھی عام ہوجاتی ہیں۔ ہاتھ پاؤں کی جلن سے نجات کا ایک ٹوٹکہ میرے پاس آزمودہ ہے جو میں قارئین کی نذر کررہا ہوں۔ ھوالشافی: آملہ خشک بغیر بیج 125 گرام‘ اجوائن دیسی 50 گرام‘ نوشادر 50 گرام‘ کلونجی پچاس گرام‘ تخم کاسنی پچاس گرام‘ خشک ادرک پچاس گرام۔ تمام اجزاء اچھی طرح صاف کرکے نہایت باریک پیس لیں اور باہم مکس کرکے کسی بوتل میں محفوظ کرلیں۔ بوتل کا ڈھکن سختی سے بند ہو تاکہ دوا نمی سے محفوظ رہے۔ افطاری کے ایک گھنٹے بعد آدھا چمچ چائے والا تھوڑے سے پانی کے ساتھ استعمال کریں۔ یہ ٹوٹکہ رمضان المبارک میں خون کی کمی‘ ہاتھ پاؤں کی جلن‘ جگر کی کمزوری دور کرنے میں اپنی مثال آپ ہے۔ نوٹ: حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین نسخہ اجوائن کے بغیر استعمال کریں۔نسخہ بے اولادی: ھوالشافی: طباشیر، لودھ پٹھانی‘چھوہارا، چھوٹی الائچی، انجبار۔ سب ادویہ کو باریک پیس لیں اور دس حصے بنالیںیعنی دس پڑیاں بنالیں۔ روزانہ تھوڑی سی انجبار رات کو پانی میں بھگودیں اور صبح نہار منہ پڑھیا کھالیں۔نزلہ زکام کا نسخہ: دیسی مرغی کا قیمہ ایک پاؤ‘ دیسی گھی ایک پاؤ‘ چینی ایک پاؤ‘ دیسی چنوں کا آٹا ایک پاؤ۔ قیمے کو اچی طرح گھی میں بھونیں۔ پھر اس میں چنوں کا آٹا ڈال کر اچھی طرح بھونیں اور چینی ڈال کر خوب بھونیں۔ حلوہ کی طرح بن جائے گی۔ صبح و شام ایک ایک چمچ نیم گرم دودھ کے ساتھ استعمال کریں۔ نوٹ: یہ نسخہ صرف سردیوں میں استعمال کریں۔(رضیہ سلطانہ‘ کوٹ رادھا کشن)