میرا پچھلے سال نکاح ہوا تھا۔ رخصتی اگست میں ہونی ہے۔ میرے سسر کے پاس بڑی دولت اور زرعی زمینیں ہیں۔ میری ساس کا انتقال بیس برس پہلے ہوا تھا۔ اب میرے سسر کی عمر 78سال ہے۔ پچھلے دنوں انہوں نے ایک بائیس سالہ لڑکی سے شادی کرلی۔ سب لوگ حیران ہیں کہ انہوں نے اس عمر میں کیوں شادی کی ہے؟ میری عمر اس وقت پچیس سال ہے سوچتی ہوں کہ اپنے سے چھوٹی عمر کی لڑکی کو ساس کیسے کہوں گی اور اس کے ساتھ کیسے ایک گھر میں گزارہ ہوگا۔ میرے شوہر بھی سخت پریشان ہیں۔ مجھے بتائیے کہ میں ان حالات میں کیسے گزارہ کروں؟(ع۔ا، لاہور)
مشورہ:محترمہ! ظاہر ہے آپ کے سسر کو نکاح سے کوئی نہیں روک سکتا تھا۔ ساس عمر میں چھوٹی ہو یا بڑی، اب آپ دونوں کا رشتہ ماں بیٹی کی طرح مقدس ہے۔ آپ پریشان کیوں ہیں؟ آپ کو یہ بھی فکر ہے کہ ایک گھر میں کیسے گزارہ ہوگا؟ گھر میں نوکر چاکر ہیں، آپ کو کام کاج نہیں کرنا پڑے گا۔ آپ صرف رشتے کے تقدس کادھیان رکھیے اور انکی عزت کیجئے۔ محبت سے، اپنائیت سے رہیں گی تو سارے کام سہل ہو جائینگے۔شوہر کو سمجھائیے کہ وہ والد کا احترام ملحوظ رکھتے ہوئے کوئی ناپسندیدہ بات نہ ہونے دیں۔