میرے والدین بہت سیدھے سادے اَن پڑھ لوگ ہیں۔ بچپن سے دیکھ رہا ہوں، وہ بزرگوں کی بہت عزت کرتے ہیں۔ میری دو بہنیں ہیں جو اب بڑی ہوگئی ہیں آج کل ایک جوان آدمی بابا کے حلیے میں ہمارے گھر آنے لگا ہے۔ وہ چھوٹی بہن میں خاص دلچسپی لیتا ہے۔ کسی دن سامنے نہ آئے تو بلاتا ہے۔ مجھے یہ بات اچھی نہیں لگتی۔ بہن اس کے آنے سے پہلے گھر میں ٹہلنا شروع کردیتی ہے۔ میں سوچتا ہوں اس آدمی نے میری بہن پر کوئی عمل تو نہیں کردیا یا بہن نفسیاتی مریضہ ہورہی ہے؟ (شاہد، راولپنڈی)
مشورہ: آپ کے گھر میںبہت عجیب صورت حال ہے۔ والدین اور بہنوں کو دینی کتابیں لاکردیں۔ بہنیں تعلیم یافتہ ہیں تو خود پڑھ لیں گی۔ والدین کو آپ پڑھ کر سنائیں تاکہ ان میں صحیح شعور پیدا ہو اور وہ غیر لوگوں کو گھر میں اپنی بیٹیوں سے ملنے سے روک سکیں۔ والدین کو مشورہ دیا جاسکتا ہے کہ وہ جن لوگوں کو گھر بلاتے ہیں، کوشش کریں کہ ان کے گھر جاکر مل آئیں۔ بہن کے ٹہلنے سے پریشانی یا اضطراب ظاہر ہورہا ہے۔ آپ اس سے بات کیا کریں تاکہ وہ بھی کچھ کہے جس سے ذہنی کیفیت کا اندازہ لگایا جاسکے۔ ایک کم عمر لڑکی کا خواہ مخواہ کسی آدمی سے بار بار ملاقات کرنا اچھا عمل نہیں ہے۔ اس کے نتائج بھی ناگوار ہی ہوں گے۔