Search

میری عمر20سال ہے۔ کھاتے پیتے گھر کی لڑکی ہوں۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہم تین بہن بھائی ہیں اور ہم سب کی توند نکل آئی ہے۔ دونوں بھائی تو پرواہ نہیں کرتے مگر مجھے اپنی توند بہت بری لگتی ہے۔ میں تنگ کپڑے نہیں پہن سکتی۔ اکثر قبض رہتی ہے۔ صبح اٹھنے کو جی نہیں چاہتا۔ میں سعودیہ میں رہتی ہوں۔ رات گئے تک ہم ٹی وی دیکھتے رہتے ہیں۔ ہفتے میں کبھی کبھار سیر کو چلے جاتے ہیں۔ گھر میں کوئی خاص کام نہیں۔ والدہ سارے کام کرتی ہیں۔ مجھے کوئی ایسا ٹوٹکا بتائیے جس سے میرا بدنما پیٹ کم ہو جائے جو روز روز بروز بڑھتا جارہا ہے۔ کھانے کے بعد ڈکاریں آتی ہیں۔ میں دو تین بوتلیںپیپسی کولا کی پی لیتی ہوں۔ اس کے باوجود ہاضمہ درست نہیں رہتا۔ آپ میرا یہ مسئلہ حل کردیجئے مہربانی ہوگی۔ (ت۔ ب ۔ سعودی عرب)
مشورہ:بی بی! آپ نے لکھا ہے کہ میں کھاتے پیتے گھر کی لڑکی ہوں۔ اب ایسے گھروں کی لڑکیاں دور سے پہچانی جاتی ہیں۔زیورات ‘ قیمتی لباس ے اور موٹاپے سے۔ آپ ابھی سمارٹ بن سکتی ہیں، شادی کے بعد وزن کنٹرول کرنا آپ کے لئے مشکل ہوگا۔لہٰذا بہتر یہ ہے کہ آپ ابھی سے اپنی غذا کو درست کریں۔ آپ نے لکھا ہے وزن کم کرنے کے لیے میں نے سائیکل لی ہے جسے میں چلاتی رہتی ہوں۔ ورزش والی سائیکل سے آپ وزن کم کرسکتی ہیں مگر طریقے سے۔ آپ ایک وقت مقرر کیجئے اور آہستہ آہستہ بڑھاتی جائیں۔ایک گلاس نیم گرم پانی میں لیموں نچوڑ کر پیجئے اور اس کے دس منٹ بعد آپ سائیکل چلائیے۔ بیچ میں ناغہ نہ ہونے دیجئے۔ سائیکل نہ چلائیں تو صبح شام آدھ آدھ گھنٹہ سیر کیجئے۔ اپنی غذا کا خاص خیال رکھیے۔ تلی ہوئی چکنی چیزیں، بالائی، مکھن، جیم، کریم، پنیر، آئس کریم، چاکلیٹ، مٹھائی، بسکٹ، کیک، پیسٹری، کریم پف اور کولا مشروبات اور میٹھے مشروبات وغیرہ سے پرہیز کیجئے۔ تازہ سبزیاں، سلاد، دلیہ، کریم نکلا ہوا دودھ، دہی، سادہ ابلے چاول، چھلکے والی دالیں غذا میں شامل کیجئے۔ صبح ابلے ہوئے گرم پانی میں ایک چمچہ شہد اور ایک لیموں کا رس ڈال کر پیا کیجئے۔