Search

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہٗ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’لوگوں پر ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ آدمی اس بات کی پرواہ نہ کرے گا کہ اس نے کیا کہاں سے کمایا‘ حلال کمایا یا حرام؟‘‘’’لوگو! اللہ تعالیٰ کی نافرمانی سے ڈرتے رہو اور روزی کی تلاش میں غلط طریقے مت اختیار کرو۔ اس لیے کہ کوئی شخص اس وقت تک نہیں مرسکتا جب تک وہ اپنے حصے کی روزی پوری نہ لے لے۔ یہ ہوسکتا ہے کہ اس کے ملنے میں کچھ تاخیر ہوجائے تو خدا سے ڈرتے رہو اور روزی حاصل کرنے میں اچھا طریقہ اختیار کرو۔ حلال روزی حاصل کرو اور حرام روزی کے قریب نہ جاؤ۔ (ابن ماجہ)’’ایک آدمی لمبا سفر کرکے مقدس مقام پر آتا ہے‘ غبار سے اٹا ہوا ہے‘ گرد آلود ہے‘ وہ اپنے دونوں ہاتھ آسمان کی طرف اٹھا کر کہتا ہے‘ اے میرے پروردگار (اور دعائیں مانگتا ہے) جب کہ اس کا کھانا حرام ہے‘ اس کا پینا حرام ہے‘ اس کا لباس حرام اور حرام ہی سے اس کا جسم پلا ہے‘ تو ایسے شخص کی دعا بھلا کیسے قبول ہوسکتی ہے۔‘‘ ’’تم حلال کمائی کھایا کرو خدا تمہیں مستجاب الدعوات بنادے گا۔‘‘ (طبرانی)