محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! دو وظائف جو میرے آزمودہ ہیں وہ میں قارئین عبقری کی نذر کررہا ہوں۔ پہلا عمل: مجھے یہ عمل کسی نے بتایا تھا‘ جب ہم گھر میں ٹیوب ویل کیلئے ڈرل یعنی (بور) کروا رہے تھے جو کہ پہلی جگہ پر ناکام ہوچکا تھا‘ پھر دوسری جگہ بور کیا مگر وہاں سے بھی پانی نہیں آرہا تھا جبکہ ہمارے پڑوس میں دو چھوٹے ٹیوب ویل لگ چکے تھے پھر میں نے اللہ کی توفیق سے یٰسین والا عمل کیا وہ اس طرح ہے کہ یٰسین میں سات دفعہ مبین آتی ہے ہر مبین پر پہنچ کر واپس شروع سے پڑھنا ہے‘ اسی طرح پوری سورۂ یٰسین پڑھنی ہے۔ میں نے پڑھ کر پانی جو گلاس میں تھا دم کیا اور پائپ (جوڈرلنگ کیلئے لگے ہوئے تھے) میں ڈال دیا‘ جب اس کے بعد کوشش کی تو بھرپور پانی نکل آیا۔اس کے علاوہ بھی میں نے جس بھی مقصد کیلئے یہ عمل کیا اللہ نے میری مدد فرمائی۔ دوسرا عمل: میرے پرندے چوری ہوگئے تو میں نے اناللہ وانا الیہ راجعون پڑھنا شروع کردیا‘ دو دن بعد میرے پرندے مجھے مل گئے۔ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔ آپ کی زندگی میں اور زیادہ برکت ڈالے۔ (محمد زبیر شفیق‘ کھاریاں)