محمد بن اسامہ رضی اللہ عنہٗ اپنے باپ سے ذکر کرتے ہیں انہوں نے کہا حضرات جعفر، علی اور زید بن حارثہ رضوان اللہ علیہم اجمعین اکٹھے ہوئے تو جعفر رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے فرمایا میں رسول اللہ ﷺ کو تم سے زیادہ محبوب ہوں۔ اور علی رضی اللہ عنہٗ نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ کو میں تم سے زیادہ محبوب ہوں اور زید رضی اللہ عنہٗ نے فرمایا میں رسول اللہ ﷺ کو زیادہ محبوب ہوں تو سب نے کہا چلو ہم سب چلیں رسول اللہ ﷺ سے جاکر پوچھ لیتے ہیں۔ اسامہ رضی اللہ عنہٗ کہتے ہیں سب آئے اور اجازت لی تو آپ ﷺ نے فرمایا نکل کر دیکھو یہ کون لوگ ہیں؟ تو میں نے عرض کیا جعفر، علی اور زید (رضوان اللہ علیہم اجمعین) ہیں۔ (میں نے یہ نہیں کہا کہ میرے باپ) آپﷺ نے فرمایا اجازت دیدو، چنانچہ وہ اندر آگئے تو سب نے کہا آپ ﷺ کو سب سے زیادہ پیارا کون ہے؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا: ’’فاطمہ‘‘ (رضی اللہ تعالیٰ عنہا) انہوں نے کہا ہم مردوں سے معلوم کرنا چاہتے ہیں تو آپ ﷺ نے فرمایا: تو، تُو اے جعفر! اخلاق اور وجود (صورت و سیرت) میں میرے مشابہ اور مجھ سے ہے اور میرا خاندان ہے اور اے علیؓ تو میرا داماد اور میری اولاد کا باپ ہے اور میں تجھ سے اور تو مجھ سے ہے اور اے زید تو میرا مولا (آزاد کردہ غلام) اور مجھ سے ہے اور تیرے ناطے مجھ سے ہیں اور تو مجھے سب سے زیادہ محبوب ہے۔ (مسند امام احمد میمنیہ ج204/5)