محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! ہم عبقری رسالہ بہت شوق سے پڑھتے ہیں‘ عبقری میں موجود ٹوٹکے اور نسخہ جات آزماتے ہیں الحمدللہ! بہت مفید ہوتے ہیں۔ میری چچی جان کو اللہ کریم جنت الفردوس میں جگہ نصیب کرے‘ وہ عبقری رسالہ میں موجود ایک نسخہ آزماتی تھیں‘فوراً اثر ہوتاتھا۔ آج میں قارئین عبقری کیلئے نسخہ اپنے تجربات کے ساتھ لیکر حاضر ہوئی ہوں‘ ہم نے جس کو جب بھی یہ نسخہ دیا اس کا بخار اتر گیا۔ جس قسم کا بھی بخار ہو سبزالائچی چند دانے ایک کپ پانی میں ابال کر جب آدھا کپ رہ جائے تو کھانے کے چار چمچ عرق گلاب مکس کرکے مریض کو پلانے سے کچھ ہی دیر بعد مریض کو بے حد پسینہ آتا ہے اور بخار ٹوٹ جاتا ہے۔ کسی مریض کی عیادت کیلئے ہسپتال گئی‘ واپسی پر ایک لڑکا مسلسل موٹرسائیکل سٹارٹ کرنے کی کوشش میں لگا ہوا تھا اور ٹینکی ہلا رہا تھا‘ ساتھ مریض بھی تھا‘ پٹرول پمپ بہت دور تھا‘میں نے اسے تین مرتبہ سورۂ کوثر اور تین مرتبہ سورۂ قریش پڑھ کر ٹینکی میں پھونکنے کی تاکید کی‘ اسے پہلے تو بے اختیار ہنسی آئی‘ پھر مجبوراًپڑھا ‘ کک ماری موٹرسائیکل سٹارٹ ہوگئی‘ مریض کو بٹھایا اور مشکور نگاہوں سے چلا گیا۔ (والدہ وسیم‘ کوہاٹ)