Search

آئے دن ہونے والی بہت سی معمولی بیماریوں کا علاج عام جڑی بوٹیوں سے بہ آسانی کیا جا سکتا ہے۔ ایک آدھ ہفتہ ان کے استعمال سے جسم کی قدرتی صلاحیت شفا کو بڑی مدد ملتی ہے۔ بلکہ یوں یہ صلاحیت اور قوی ہو جاتی ہے۔ جسم کسی غیر معمولی حرج کے بغیر زیادہ عمدگی کے ساتھ اپنا کام انجام دینے لگتا ہے۔ بہت تیز دوائیں اگر مرض کا خاتمہ کرتی ہیں تو جسم کو بھی کمزور کر دیتی ہیں۔
نزلہ زکام کیلئے بنفشہ کی چائے: ۳ گرام بنفشہ کی چائے عام موسمی نزلے زکام کیلئے بہت مفید رہتی ہے۔ گل بنفشہ پانی میں جوش دے کر یا چائے کی طرح دم دے کر چھان کر صبح و شام سادہ یا چینی ملا کر گرم گرم پینے سے بڑا فائدہ ہوتا ہے۔
لہسن ایک مفید دوا: اسی طرح لہسن بھی ایک مفید دوا ہے۔ چوں کہ اس میں ضد حیوی (اینٹی بایوٹک)خصوصیت بھی ہوتی ہے۔ اسلئے یہ بھی نزلے زکام کی ابتداء میںخاص طور پر بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔ اس کے استعمال سے نزلے کے جراثیم ہلاک ہوتے ہیں۔ گلے اور حلق وغیرہ کی خراش اور دکھن دور ہو جاتی ہے۔ اس کی دو تین کچلی ہوئی کلیاں تراش کر نگلنی چاہئیں یا پھر روٹی کے ساتھ انہیں کھانا چاہئے۔
رائی سے سردی کا علاج: رائی بھی سخت سردی لگ جانے کا ایک مفید علاج ہے۔ بارش، برف باری وغیرہ میں بھیگ جانے والوں کو اس سے بڑا فائدہ ہوتا ہے۔ ایک بڑا چمچہ، رائی لے کر پیس لیں اور پانی ملا کر اس کی لئی سی بنا لیں۔اب کسی گہرے برتن میں قابل برداشت گرم پانی ڈال کر اسے اس میں گھول لیں اور پیر پنڈلیوں تک ڈبوئیں۔ اسی پانی میں تولیہ بھگو کر نچوڑ کر اس سے گلے، سینے اور پیٹھ کی سنکائی سے بھی بہت فائدہ ہوتا ہے۔ دس پندرہ منٹ یہ عمل کر کے گرم چادر، لحاف وغیرہ اوڑھ کر سو جانا چاہئے۔ اس سے گلے کی تکلیف کے علاوہ کھانسی کو بھی آرام آجاتا ہے۔(اقتباس: عبقری فائل 1)