Search

حضرت عبداللہ بن مسعور رضی اللہ تعالیٰ عنہما بیان کرتے ہیں کہ  حضور نبی اکرم ﷺ نماز ادا فرما رہے تھے‘ جب سجدے میں گئے تو حسنین کریمین رضی اللہ تعالیٰ عنہم آپ ﷺ کی پشت مبارک پر سوار ہوگئے‘ جب لوگوں نے انہیں روکنا چاہا تو آپ ﷺ نے لوگوں کو ارشاد فرمایا کہ انہیں چھوڑ دو یعنی سوار ہونے دو‘ پھر جب نماز ادا فرماچکے تو آپ ﷺ نےدونوں کو اپنی گود میں لے لیا۔ (امام نسانی)
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہےکہ حضور نبی اکرم ﷺ حضرات حسن اور حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہم کیلئے (خصوصی طور پر) کلمات تعوذ کے ساتھ دم فرماتے تھے اور فرماتے کہ تمہارے جدامجد (ابراہیم علیہ السلام بھی) اپنے دونوں صاحبزادوں اسماعیل و اسحاق (علیہ السلام) کیلئے ان کلمات کے ساتھ تعوذ کرتے تھے: میں اللہ تعالیٰ کے کامل کلمات کے ذریعے ہر (وسوسہ اندازی کرنے والے) شیطان اور بلا سے اور ہر نظربد سے پناہ مانگتا ہوں۔‘‘ (بخاری‘ ابوداؤد‘ ابن ماجہ)