اس نے میری غربت کا مذاق اڑایا اور بات ختم ہوگئی
مجھے اکیلے میں پریشان کن خیالات تنگ کرتے ہیں۔ اداس ہو جاتا ہوں۔ ترقی کے کئی مواقع ملے، میں نے گنوا دیئے۔ تین سال قبل ایک لڑکی کی محبت میں گم تھا۔ اس نے میری غربت کا مذاق اڑایا اور بات ختم ہوگئی۔ چھ ماہ قبل ایک لڑکی سے فیس بک پر دوستی ہوئی اس کے گھر والوں نے مسترد کردیا۔ کسی کام میں دل نہیں لگتا۔ ناکام انسان کا احساس پاگل کئے دیتا ہے۔ خود سے باتیں بھی کرتا ہوں۔ (شہریار‘ راولپنڈی)
مشورہ: آج سے جب بھی تنہا ہوں اپنی ذات کے بارے میں سوچنے کے بجائے ان کامیاب دوستوں کے بارے میں سوچیں جن سے مل کر خوشی کا احساس ہوا۔ انہوں نے کس طرح زندگی کے مسائل اور مشکلات سے مقابلہ کیا اور لوگوں کے لیے بہترین مثال بنے۔ ہوسکتا ہے آپ کے اندر ان سے زیادہ صلاحیتیں ہوں لیکن اب تک کام نہیں لیا۔ اب مستقبل کے حوالے سے قابل عمل اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنی ذمہ داریوں کو محنت اور یکسوئی سے انجام دینے کی کوشش زندگی میں روشنی اور خوشی پیدا کرے گی۔ تب ناکامی کے احساس پر بھی قابو حاصل ہو جائے گا۔ رہی خود سے باتیں کرنے کی بات تو یہ کیفیت عموماً پریشانی کی حالت میں ہوتی ہے۔ غربت عارضی صورتحال ہے۔ مفلسی کو امارت میں اور ناکامی کو کامیابی میں آپ ہی جیسے لوگ بدلتے ہیں۔