Search

محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! ماہنامہ عبقری بہت شوق سے پڑھتی ہوں‘ شیخ الوظائف کے درس تو سنے بنا ہمیں چین ہی نہیں آتا۔ شیخ الوظائف نے ایک مرتبہ نہیں بلکہ کئی مرتبہ سورۂ مائدہ کی آیت نمبر 114 کے فوائد بتائے ہیں۔ میں نے جب یہ آیت پڑھنا شروع کی تو سمجھیں میری تو لاٹری ہی نکل آئی جو چاہتی ہوں مل جاتا ہے‘ میں بازار سے گزرتی تو طرح طرح کے پھل دیکھتی‘ ہمارے گھر میں پھل مہینے میں صرف ایک بار ہی آتا تھا اور میں پھل کھانے کو ترستی تھی‘ مگر جب سے یہ آیت صبح و شام صرف گیارہ مرتبہ اول و آخر تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھنا شروع کی ہے‘ جو پھل کھانے کو دل چاہ رہا ہوتا ہے شام کو وہی پھل گھر میں آجاتا ہے اور میں جی بھر کر کھاتی ہوں۔ مجھے نئے سویٹر پہننے کا بہت شوق ہے‘ گزشتہ تین سال سے ایک ہی طرح کے سویٹرز سے گزارا کررہی تھی‘ اس موسم سرما میں میں نے یہی آیت درج بالا طریقے سے سویٹر کی نیت کرکے پڑھی‘ تو اللہ تعالیٰ نے چند دنوں میں ہی میرے پسندیدہ برانڈ کا سویٹر دلا دیا۔(ج‘ ملتان)