محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! پیلے یرقان اور جگر کی گرمی کیلئے انتہائی آزمودہ نسخہ قارئین کی نذر کرتا ہوں۔
ھوالشافی: آلو بخاراچار تولے‘ املی چار تولے‘ گل سرخ چار تولہ‘ گل نیلوفر چار تولہ‘ ان کو اکٹھا رگڑ کر مٹی کے پیالے میںچار کپ پانی ڈال کر بھگودیں ‘ صبح نہار منہ چھان کر ایک کپ پی لیں‘ پھر شام کو خالی پیٹ ایک کپ پی لیں۔ ایک ہفتہ میں ان شاء اللہ آرام آجائے گا جب زکام ہوگا تو چھوڑ دیں۔اس کےعلاوہ جسمانی گرمی کتنی ہی ہو اس نسخہ سے ختم ہوجاتی ہے۔خاص کر گرمیوں میں صبح و شام ایک گلاس پی لیں تو سارا دن گرمی کا احساس نہیں ہوتا۔
حضرت جی ایک اور نسخہ لکھ رہا ہوں اگر دل کی شریانیں بند ہوں یا وال بند ہوں تو ایک آزمودہ نسخہ ہے جو کہ ایک آدمی نے تقریباً ایک ماہ یا چالیس دن آزمایا ٹھیک ہوگیا۔ آپریشن کی تاریخ ملی تھی مگر اس کے استعمال سے ٹھیک ہوگیا۔یہ نسخہ پہلے بھی کئی بار ماہنامہ عبقری میں چھپ چکا ہے‘ چونکہ یہ میرے مشاہدے میں اب آیا ہے اس لیےقارئین عبقری کیلئے خصوصی طور پر لکھ رہا ہوں۔ ھوالشافی: ادرک کا رس ایک پیالی‘ لیموں کارس ایک پیالی‘ لہسن کا رس ایک پیالی‘ سیب کا سرکہ ایک پیالی‘ شہد تین پیالی۔ یہ چیزیں اتنی مقدار میں لانی ہیں جس سے ایک ایک پیالی عرق نکل سکے۔ پھر ان کو ابالیں‘ یعنی چار چیزوں کو اکٹھا کرکے ابالیں‘ ہلکی آنچ پر ابالیں‘ ابالنے کے بعد تین پیالی عرق رہ جائے گا۔ اس تمام میں شہد تین پیالی ڈال کر ایک چمچ بڑا کھانے والا صبح نہار منہ ایک ماہ استعمال کریں۔ان شاء اللہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ (عتیق الرحمٰن‘ راولا کوٹ)