Search

حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ تعالیٰ عنہما روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس شخص پر احسان کیا گیا اور اس نے احسان کرنے والے کو جَزَاکَ اللہُ خَیْراً ’’اللہ تعالیٰ تم کو اس کا بہتر بدلہ عطا فرمائے‘‘ کہا تو اس نے (اس دعا کے ذریعہ) پوری تعریف کی اور شکر ادا کردیا۔ (ترمذی)۔یہ بھی نیکی ہے! حضرت ابوذر رضی اللہ عنہٗ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم میں سے کوئی تھوڑی سی نیکی کو بھی معمولی نہ سمجھے۔ اگر کوئی دوسری نیکی نہ ہوسکے تو یہ بھی نیکی ہے کہ اپنے بھائی کے ساتھ خندہ پیشانی سے مل لیا کرے۔ جب تم (پکانے کی غرض سے) گوشت خریدو یا سالن کی ہانڈی پکاؤ تو شوربہ بڑھا دیا کرو اور اس میں سے کچھ نکال کر اپنے پڑوسی کو دے دیا کرو۔ (ترمذی)۔شیطان برتن کے قریب نہیں آتا: حضرت ابو موسیٰ اُشعری رضی اللہ عنہٗ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جن لوگوں کے ساتھ کوئی یتیم ان کے برتن یں کھانے کے لیے بیٹھے تو شیطان ان کے برتن کے قریب نہیں آتا۔ (طبرانی۔ مجمع الزواید)