Search

اس آیت کے پڑھنے کی برکت مجھے اس طرح ملی کہ اب ہمارے گھرمیں تنگی نہیں ہے‘ گھر میں ہر طرح کا سکون ہے اور قرض بھی نہیں چڑھتا اس سے پہلے تو ہم ہر ماہ کے آخر میںلازمی کسی نہ کسی سے قرض لیتے تھے۔

محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں ماہنامہ عبقری کی پچھلے چار سال سے قاری ہوں‘ میں نے اپنے مسائل کے حل کیلئے ایک مرتبہ آپ کو خط لکھا تھا جس کے جواب میں آپ نے مجھے قرآن پاک کی ایک چھوٹی سی آیت (سورۂ انعام آیت 45) ہر وقت کھلا پڑھنے کا حکم دیا تھا۔محترم حکیم صاحب میں نے جب سے یہ آیت پڑھنا شروع کی میں آپ کو کیا بتاؤں کہ اس آیت نے مجھے کس طرح رنگ دیا ہے۔اس آیت کے مجھے بے شمار فوائد ملے جن میں سے چند میں قارئین کو بتانا چاہوں گی جو کہ درج ذیل ہیں:۔
بچے کی شوگر ٹھیک ہوگئی: میرے بچے کی شوگر450 رہتی تھی لیکن جب سے یہ آیت پڑھنی شروع کی اب کبھی 230 اور کبھی 210 رہتی ہے۔
گرم پانی گرنے سے بھی ٹانگ نہ جلی: سخت سردی کا موسم تھا میں صبح اٹھی تو وضو کرکے میں یہ آیت پڑھنے لگی‘ ابھی دو بار ہی پڑھا تھا کہ گرم کھولتا ہوا پانی میری ٹانگ پر گرگیا‘ اس وقت تو مجھے شدید جلن محسوس ہوئی لیکن حیرت کی بات یہ کہ میری ٹانگ پر ایک چھالہ تک نہ بنا اور نہ ہی کوئی زخم ہوا اور جلن بھی صرف وقتی تھی۔جادو سے حفاظت: اس آیت کی وجہ سے جادو بھی نہیں ہوتا‘ ایک مرتبہ میری ایک قریبی رشتہ دار میرے گھر آئی تو واش روم میں گئی تو وہاں انہوں نے کوئی تعویذ جلایا جس کا ہمیں پتہ چل گیا۔ اس کے بعد میں ظہر کی نماز پڑھ رہی تھی تو میرا دل بیٹھ گیا تومیںنے نماز کے بعد یہ آیت کثرت سےپڑھنا شروع کردی تو میری طبیعت سنبھل گئی۔
گھر میں سکون: اس آیت کے پڑھنے کی برکت مجھے اس طرح ملی کہ اب ہمارے گھرمیں تنگی نہیں ہے‘ گھر میں ہر طرح کا سکون ہے اور قرض بھی نہیں چڑھتا اس سے پہلے تو ہم ہر ماہ کے آخر میںلازمی کسی نہ کسی سے قرض لیتے تھے۔
شوہر کے غصہ سے حفاظت: میرے شوہر مجھے ڈانٹتے رہتے تھے‘ انہیں چھوٹی چھوٹی باتوں پر بہت غصہ آتا تھا لیکن جب سے یہ آیت پڑھنی شروع کی ہے مجھ سے اب بڑے پیار اور آرام سے بات کرتے ہیں۔اس سے پہلے میرے بار بار مانگنے پر بھی میرے میاں مجھے پیسے نہیں دیتے تھے لیکن اب میں جتنے مانگتی ہوں اتنے ہی بڑے پیار سے دے دیتے ہیں۔
بچوں کے رشتوںمیں آسانی: یہ آیت پڑھنے سے پہلے میری بیٹی اور بیٹے کا رشتہ بہت اچھی جگہ سے آیا‘ رشتہ بہت اچھا تھا لیکن نامعلوم کیوں انہوں نے رشتہ سے انکار کردیا‘ میرے میاں بھی اس رشتے پر راضی نہ تھے۔ لیکن جب میں نے یہ آیت پڑھنی شروع کی اور پھر اپنے شوہر سے دوبارہ بات کی تو انہوں نے نرمی سے کہا کہ دوبارہ ان سے بات کرلیتے ہیں ۔ الحمدللہ اس آیت کی برکت سے ان سے رشتہ کی دوبارہ بات چل پڑی ہے اور وہ مان گئے ہیں۔اس آیت کی وجہ سے میرے دل کو بہت سکون ہے۔وہ آیت درج ذیل ہے:۔
فَقُطِعَ دَابِرُ الْقَوْمِ الَّذِیْنَ ظَلَمُوْا وَ الْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ ﴿الانعام۴۵﴾
قارئین عبقری کیلئے میری طرف سے یہ ہدیہ ہے آپ پڑھیں اور مجھ کو بھی اپنی دعاؤںمیں یاد رکھیں۔