Search

 حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ کی رحمت ہو اس بندہ پر جو بیچنے‘ خریدنے اور اپنے حق کا تقاضہ کرنے اور وصول کرنے میں نرمی اختیا رکرے۔ (بخاری)حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: وہ مومن جو لوگوں سے ملتا جلتا ہو اور ان سے پہنچنے والی تکلیفوں پر صبرکرتا ہو وہ اس مومن سے افضل ہے جو لوگوں کے ساتھ میل جول نہ رکھتا ہو اور ان سے پہنچنے والی تکلیفوں پر صبر نہ کرتا ہو۔ (ابن ماجہ)حضرت صہیب رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: مومن کا معاملہ بھی عجیب ہے‘ اس کے ہر معاملہ اور ہر حال میں اس کیلئے خیر ہی خیر ہے اور یہ بات صرف مومن ہی کو حاصل ہے اگر اس کوکوئی خوشی پہنچتی ہے اس پر وہ اپنے رب کا شکر ادا کرتا ہے تو یہ شکر کرنا اس کیلئے خیر کا سبب ہے یعنی اس میں اجر ہے اور اگر اسے کوئی تکلیف پہنچتی ہے اس پر وہ صبر کرتا ہے تو یہ صبر کرنا بھی اس کیلئے خیر کا سبب ہے یعنی اس میں بھی اجر ہے۔ (مسلم)