کھجور آدھا کلو، دودھ تین پیالی، چینی ایک پیالی، کارن فلور تین کھانے کے چمچ، جیلاٹن پائوڈر دو کھانےکے چمچ، فریش کریم ایک پیالی، مارجرین یا مکھن ایک کھانے کا چمچ۔( ترکیب)کھجوروں کو بیج نکال کر صاف دھولیں اور آدھی پیالی پانی ڈال کر پکنے رکھ دیں۔ کسٹرڈ کریم بنانے کے لیے دودھ کو ابالنے رکھیں اور ابال آنے پر اس میں چینی ڈال کر دس سے پندرہ منٹ ہلکی آنچ پر پکا کر گاڑھا کرلیں۔ کارن فلور کو دو سے تین کھانے کے چمچ ٹھنڈے دودھ میں گھول لیں اور ابلتے ہوئے دودھ میں شامل کردیں۔ تیزی سے چمچ چلاتے ہوئے گاڑھا ہونے پر چولہے سے اتارلیں اب ٹھنڈا کرنے رکھ دیں۔ کھجوروں کا پانی خشک ہونے پر اسے لکڑی کے چمچ سے کچل لیں اور اس میں مارجرین یا مکھن ڈال کر خوشبو آنے تک بھون لیں۔ چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کرنے رکھ دیں۔ کریم کو دس سے پندرہ منٹ فریزر میں رکھ کر ٹھنڈا کرلیں پھر صاف خشک پیالے میں ڈال کر پھینٹ لیں۔ جیلاٹن کو دو کھانے کے چمچ نیم گرم پانی میں گھول کر پندرہ سے بیس سکینڈ کے لیے مائیکرو ویواوون میں چلالیں۔ تیار کی ہوئی کسٹرڈ کریم میں پھینٹی ہوئی کریم اور جیلاٹن ڈال کر پھینٹ لیں۔کھجورڈش پیش کرنے کا انداز: خوبصورت سی شیشے کی ڈش میں کسٹرڈکریم پھیلا کر ڈالیں، پھر اس پر کھجور کے پیسٹ کی تہہ لگائیں۔ اسی طرح سے ایک سے دو مرتبہ دونوں چیزوں کی تہہ لگالیں اور اوپر سے کٹے ہوئے بادام پستے اور فریش کریم سے سجاکر فریج میں رکھ دیں۔ خوب اچھی طرح ٹھنڈا کرکے پیش کریں۔(شائستہ خانم، کراچی)