Search

دھنیا ایک مشہور خوشبودار پودا ہے چونکہ اس کے پتوں میں اعلیٰ درجہ کی خوشبو اور مزہ ہوتا ہے اس لیے یہ سالن میں خوشبو پیدا کرنے میں بکثرت استعمال ہوتا ہے۔ اس کے بیج مصالحہ میں شامل کئے جاتے ہیں۔ سالن میں ذائقے کے ساتھ دھنیا مرچوں کی تیزی کو بھی ختم کرتا ہے۔دھنیا کا استعمال پاکستان کے اکثر و بیشتر گھروں میں روزانہ ہوتا ہے۔ گھر میں استعمال ہونے والا یہ دھنیا بہت سی خصوصیات کا حامل ہے اور بیماریوں میں بھی یہ دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ادویاتی فوائد ذیل میں درج ہیں:٭دماغی کمزوری اور گرمی کی وجہ سے بعض اوقات چلتے چلتے یا دیر تک بیٹھے رہنے کے بعد کھڑے ہونے پر سر گھومتا محسوس ہوتا ہے اور چکر آنے لگتے ہیں اس کو دور کرنے کے لیے اگر سبز دھنیا ہو تو اس کا پانی نکال کر تین ماشہ چینی یا مصری ملا کر پئیں یا خشک دھنیا چھ ماشہ پانی میں گھوٹ کر مصری یا چینی ملا کر استعمال کریں۔
٭اگر مستقل گرمی کی وجہ سے سر چکراتا ہو اور آنکھوں کے سامنے اندھیرا اچھا جاتا ہو تو خشک دنیا چھ ماشہ اور چھوٹی الائچی پانچ عدد کو کوٹ کر رات بھر پانی میں بھگوئیں اور صبح پانی صاف کرکے پئیں۔ چند روز میں سر چکرانا بند ہو جائے گا۔٭اکثر اوقات گرمی میں بخارات اٹھنے سے مرگی کے دوروں میں شدت آجاتی ہے اس کے لیے دھنیے کی چٹنی باسی روٹی سے استعمال کراتے رہیں تو بخارات بننا بند ہو جاتے ہیں اور دورہ کے وقفے میں اضافہ ہو جاتا ہے چٹنی بنانے کے لیے دھنیا آدھا پائو لے کر کوٹ لیں اور آدھ سیر پانی میں ڈال کر پکائیں جب پانی جل کر آدھا پائو رہ جائے تو اس کو چھان کر مصری ملاکر تھوڑی دیر پکائیں جب گاڑھا قوام بن جائے تو اتار لیں چٹنی تیار ہو جائے گی۔
٭نیند نہ آنے کی صورت میں سبز دھنیا کوٹ کر پانی نکال لیں اور پانی کے ہم وزن مصری یا شکر ملاکر پکائیں اور گاڑھا کرلیں۔ روزانہ ایک یا دو چمچہ پانی میں ڈال کر استعمال کریں بہت میٹھی نیند آنے لگے گی۔