Search

نبی کریم ﷺکے گلشن کے دو پھول: حضرت عبدالرحمٰن بن ابی نعم رضی اللہ عنہٗ سے روایت ہے کہ ایک عراقی نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے پوچھا کہ کپڑے پر مچھر کا خون لگ جائے تو کیا حکم ہے؟ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے فرمایا: اس کی طرف دیکھو‘ مچھر کے خون کا مسئلہ پوچھتا ہے حالانکہ انہوں نے حضور نبی اکرم ﷺ کے بیٹے (حسین) کو شہید کیا ہے اور میں نے حضور نبی اکرم ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ’’حسن اور حسین (رضی اللہ عنہما) ہی تو میرے گلشن دُنیا کے دو پھول ہیں‘‘ (ترمذی‘نسائی‘ احمد)
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کی روایت میں ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺنے میری (یعنی علی کی) طرف دیکھ کر فرمایا: اے علیؓ!تو دنیا و آخرت میں سردار ہے۔ تیرا محبوب میرا محبوب ہے اور میرا محبوب اللہ کا محبوب ہے اور تیرا دشمن میرا دشمن ہے اور میر ا دشمن اللہ کا دشمن ہے اور اس کیلئے بربادی ہے جو میرے بعد تمہارے ساتھ بغض رکھے۔ (حاکم‘ حاکم نے کہا یہ حدیث صحیح ہے)