نظر کی کمزوری بڑوں کیلئے: سب سے پہلے ضروری ہے کہ اصل سبب کو معلوم کرکے اسے دفع کیا جائے‘ اگر قبض ہو تو اطریفل زمانی سات ماشہ یا اطریفل کشنیزی سات ماشہ رات کے وقت گرم پانی کے ساتھ کھلادیں‘ سرمہ سلائی سے لگاتے رہیں۔پرہیز: غذا میں ایسی چیزیں مریض کو دی جائیں جو زودہضم ہوں‘ قبض کو کھولا جائے‘ آنتیں برابر صاف ہوتی رہیں‘ ترش‘ بادی چیزوں سے پرہیز‘ تیز مرچ‘ تیل‘ لہسن‘ پیاز‘ پھل وغیرہ کے کھانے اور مباشرت کرنےسے پرہیز۔ آنکھوں کو صاف رکھا جائے اور صبح وشام پانی کی ٹھنڈی چھینٹیں ماری جائیں۔ صبح وشام پارک کی سیر کی جائے۔ سبز گھاس میں نظر مرکوز کی جائے۔
سر کی مالش: روغن بادام‘ روغن خشخاش کی سر پرمالش کریں۔
بے خوابی و نیند نہ آنا:اگر کسی وجہ سے کئی دنوں سے نیند نہ آرہی ہو تو اس کیلئے ایک چمچ خشخاش لے کر ململ کے کپڑے میں باندھ کر پوٹلی بنالیں‘ رات کو سونے سے پہلے ایک پیالی گرم دودھ میں خشخاش کی یہ پوٹلی ایک سے دو مرتبہ گول گول گھما کر فوراً پی لیں۔ اس سے نہ صرف پرسکون نیند آئے گی بلکہ دوسرے دن بالکل تازہ دم ہوکر اٹھیں گے۔